• news

حکومتی ہٹ دھرمی، اپوزیشن کی ضد ملکی استحکام کیلئے خطرہ ہے: علامہ زبیر ظہیر

لاہور(نیوز رپورٹر) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر براہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ حکومت کی ہٹ دھر می اور اپوزیشن کی ضد ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے شدید خطرہ بن چکی ہے اور ملک میں حالات تصادم کی طرف جا رہے ہیں 'قومی اداروں پر الزام تر شیوں سے معاملات مزید سنگین ہو رہے ہیں ' اداروں اور محب وطن پاکستانیوں کو آگے بڑھ کر معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ وہ مر کزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے اس موقع پر مولانا عبد الحفیظ اوکاڑوی 'مولانا عبدالستار نیازی 'پروفیسر فیاض احمد سلفی 'رانا محمد آصف 'میاں محمد اصغر 'قاری حبیب الر حمن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ بھار ت کے جنگی جنون اور خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر قوم کسی مزید امتحان کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ سیاسی تصادم کسی بھی صورت ملک اور قوم کے مفاد میں نہیں اس لیے وقت کا تقاضہ ہے کہ بات چیت کے ذریعے ہی کوئی راستہ نکالا جائے۔ تمام سیاسی جماعتوں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ جتنی جلدی ہو سکے ملک کو خانہ جنگی جیسے حالات سے باہر نکالا جائے۔ بدقسمتی سے حکومت اپنی ہٹ دھر می سے کسی صورت پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں انہیں اپنے رویہ جمہوری بنانا ہوگا ورنہ تمام نتائج کے ذمہ دار بھی یہ لوگ خود ہی ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن