پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ‘ متحدہ کے سابق رکن صوبائی اسمبلی کامران کیخلاف نیب حرکت میں
کراچی (این این آئی) قومی احتساب بیورو نے متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رکن سندھ اسمبلی کامران اختر کے خلاف شکنجہ کس لیا، متحدہ رہنما پر پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے الزامات ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق رکن سندھ اسمبلی کامران اختر ایک مرتبہ پھر نیب کے ریڈار پر آگئے، اس حوالے سے نیب ذرائع نے بتایاکہ کامران اختر پر عہدے کے ناجائز استعمال کاالزام ہے۔ اس کے علاوہ بطور ٹائون ناظم بلدیہ13قیمتی پلاٹ غیرقانونی طور پر الاٹ کرائے، مذکورہ پلاٹ کے ایم سی کی زیرملکیت زمین پر الاٹ کیے گئے جن کی مالیت60کروڑ روپے سے زائد ہے۔ نیب ذرائع نے بتایاکہ کامران اختر کے دور میں یہ پلاٹ غیر قانونی طور پر پانچ سے20لاکھ روپے میں الاٹ کئے گئے، نیب کی تین رکنی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ان پلاٹوں الاٹیز کے بیانات ریکارڈ کرلئے ہیں۔ جن کے پاس ان پلاٹوں کی دستاویزات نہیں ہیں۔