بھارت کا جنگی جنون خود اسی کیلئے خطرہ بن چکا ہے: گورنر سرور
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ خطے میں ترقی، خوشحالی، امن اور مسئلہ کشمیر کا حل لازم ہو چکا ہے۔ بھارت کا جنگی جنون خود بھارت کیلئے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔ افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑکر پوری دنیا کیلئے ایک مثال قائم کردی ہے۔ نئے پاکستان میں آئین وقانون کی حکمرانی یقینی بنا رہے ہیں۔ یونیورسٹیز سمیت ہر شعبے میں شفافیت اور میرٹ لا رہے ہیں۔ وہ اتوار کے روز گورنر ہاؤس لاہور میں''انٹرنیشنل سٹوڈنٹ ویک ان پاکستان''کی اختتامی تقر یب سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر صوبائی وزیر میاں محمود الرشید، صدر انٹر نیشنل سٹوڈنٹ ویک ان پاکستان ارقم ظہیر، جنرل سیکرٹری علی مصطفی سمیت دیگر اہم شخصیات اور دنیا بھر سے آئے 100سے زائد طلبہ و طالبات بھی شریک تھے۔ غیر ملکی طلبہ وطالبات گورنر ہاؤس لاہور کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کرتے رہے جبکہ سٹاف نے انکو گورنر ہاؤس لاہور کی تاریخ کے بارے میں بر یفنگ بھی دی۔ اختتامی تقر یب سے خطاب کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کہ بدقسمتی سے کچھ لوگ دنیا میں پاکستان کے امیج کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو سکتا اس وقت خطے میں امن بس ایک خواب ہی رہیگا۔