سندھ‘ پولیو سے بچہ جاں بحق‘ لاہور اور بلوچستان میں آج سے مہم شروع
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آ گیا۔ پولیو سے متاثرہ بچہ ادارہ برائے امراض اطفال کراچی میں دم توڑ گیا۔ ضلع سجاول کا رہائشی 36 ماہ کا امان عمر گردوں کے امراض میں مبتلا تھا۔ امان کے انتقال سے پہلے ٹیسٹ کرائے گئے تو پولیو وائرس کی تشخیص ہوئی ۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر فار پولیو کے مطابق سندھ بھر میں رواں سال پولیو کیسز کی تعداد نو ہوگئی جبکہ ملک بھرمیں پولیو کیسز کی تعداد81 تک پہنچ گئی ہے۔ کمشنر کراچی کے مطابق کراچی میں 16 دسمبر سے انسداد پولیو مہم شروع ہوگی۔ دریں اثناء لاہور سمیت پنجاب کے 6 اور بلوچستان کے 13اضلاع میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہو گی ۔ ترجمان پولیو پروگرام کے مطابق پنجاب میں لاہور، ملتان، سرگودھا، جہلم، منڈی بہائوالدین اور چکوال کے اضلاع میں پانچ سال تک کی عمر کے 28 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کی حفاظتی ویکسین دی جائے گی۔ پولیو کیسز اور ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی تصدیق کی وجہ سے ملتان اور لاہور کے مکمل اضلاع کو مہم میں شامل کیا گیا ہے، جہلم میں پولیو کیس کی وجہ سے ضلع سے متصل یونین کونسلوں میں بھی پولیو مہم کا انعقاد کیا گیا ہے۔ دریں اثناء بلوچستان میں نصیرآباد، جعفرآباد، جھل مگسی، صحبت پور، ڈیرہ بگٹی، سبی، لورالائی، دکی، ہرنائی، زیارت، کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ کے اضلاع میں تین روزہ مہم کے دوران 13 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔