اپوزیشن کرپشن‘ عمران ملک و قوم کی ساکھ بچانے کیلئے کوشاں ہے: مراد سعید
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ ایک جانب مافیا اور دوسری جانب عمران خان ہے۔ اپوزیشن کرپشن بچانے کی سرتوڑکوشش کر رہی ہے۔ عمران خان ملک و قوم کی ساکھ بحال کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔ عوام جانتے ہیں کہ کون ان کیلئے اور کون خود کو بچانے کیلئے لڑ رہا ہے۔ مولانا فضل الرحمن کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے مراد سعید نے کہاکہ نائن الیون کے بعد پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑا گیا تو کوئی کیوں نہیں بولا۔ عمران خان نے عالم اسلام کا مقدمہ لڑا وہ اسلام کا اصل پیغام پہنچا رہے ہیں۔ عمران خان سچے عاشق رسولؐ ہیں۔ کشمیر پر مظالم کے خلاف کوئی نہیں بولا۔ عمران خان بحیثیت کشمیر کے سفیر بن کر گئے اور عالم اسلام کے سفیر بن کر نکلے۔ عمران خان نے کہا تھا مدرسے کا بچہ دوسروں کی طرح تعلیم کیوں نہیں حاصل کر سکتا۔ مولانا فضل الرحمن نے مدرسے کے بچوں کو استعمال کرنے کی کوشش کی۔ بلاول آ کر اپنا رونا روتے ہیں‘ میں کہتا ہوں پیسے دے دو ابو لے لو۔