بہاولنگر:بہن بھائی پر تیزاب پھینکنے والا ڈی پی او کے نوٹس پر گرفتار
بہاولنگر (نمائندہ نوائے وقت) ڈی پی او بہاولنگر نے تھانہ فقیر والی کے علاقہ 104/6-Rمیں تیزاب گردی کا نوٹس لے لیا۔ ایس ایچ او فقیر والی راؤ انعام نے ٹیم کے ہمراہ ملزم محمد امین کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق شمیم بی بی جو اپنی نند غفوراں اور صفیہ کے ہمراہ کھیتوں میں موجود تھی کہ ملزم امین موٹر سائیکل پر آ کرکھڑا ہوگیا۔ شمیم بی بی نے ملزم کو دیکھ کر شور کیا اورخاوند ممتاز کو بذریعہ فون بلا لیا۔ اسی اثنا میں ملزم نے تیزاب کی بوتل نکالی اور شمیم پر پھینکنے کی کوشش کرنے لگا۔ شمیم بی بی کے شوہر ممتاز اور دیور اعجاز نے ملزم کو قابو کرنے کی کوشش کی اس دوران تیزاب شمیم بی بی کے دیور اعجاز اور نند صفیہ پر گرا خود ملزم پر بھی تیزاب گرگیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم شمیم بی بی سے دوستی کرنا چاہتا تھا۔ شمیم کے انکار پرگھناؤنے جرم کا ارتکاب کیا۔ ڈی پی او بہاولنگر محمد انور کھیتران نے کہا کہ متاثرین کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔