• news

تاجر‘ اساتذہ‘ ڈاکٹر سب احتجاج پر‘ حکومت کی ہر شعبہ میں ناکامی ثابت ہو گئی:سراج الحق

لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ایک ہی سال میں حکومت کی ناکامی ہر شعبہ میں ثابت ہو گئی ہے۔ تاجروں ، اساتذہ اور ڈاکٹروں سمیت عوامی احتجاج نے حکومت کے دل کی دھڑکن مدھم کر دی ہے۔ حکومت کے خلاف لوگوں کے احتجاج کا کریڈٹ بھی حکومت کو ہی جاتا ہے۔ سیاست اور جمہوریت کو چند خاندانوں نے یرغمال بنا رکھا ہے۔ یہی خاندان سابقہ حکمران پارٹیوں اور پرویز مشرف کے ساتھ تھے۔ سیاسی و معاشی دہشتگردی مسلح دہشتگردی سے زیادہ خطرناک ہے لیکن اس پر قابو پانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ہونے والے مرکزی ذمہ داران اور جے آئی یوتھ لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیرالعظیم، لیاقت بلوچ و دیگر بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک پر عشروں سے مسلط ظلم و جبر کے نظام کو ختم کیے بغیر عام آدمی کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آسکتی۔ اگر حکومت احتساب کرتی تو سب سے پہلے احتساب کے شکنجے میں وہ لوگ آتے جو اس کی بغل میں بیٹھے ہیں۔ یہ احتساب نہیں سیاست کرتے ہیں اور ان کی سیاست کا اصل ہدف غریب کی زندگی اجیرن بنانا اور انہیں زندہ درگور کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایک ہی کلب کے لوگ ہیں ان سے کسی بہتری کی امید رکھنا خود فریبی کے علاوہ کچھ نہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ دب گیا اور غریب کا ختم ہوگیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن