آسٹریلوی کپتان میچ ڈرا ہونے پر امپائرز پر برس پڑے
لاہور(سپورٹس رپورٹر) آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ناقص ایمپائرنگ کا شکوہ کر دیا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں دو بار بارش ہوئی۔ پاکستان کی بیٹنگ کے دوران بارش سے میچ 20 اوورز کی بجائے 15 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ اس وقت پاکستان کا سکور چار وکٹ کے نقصان پر 80 تھا اور کل 12.4 اوورز ہوئے تھے، مگر آسٹریلوی بیٹنگ کے 3.1 اوورز ہی ہوئے تھے تب ایسی بارش ہوئی کہ میچ نہ ہو سکا۔ریفریز نے بارش نہ رکنے پر میچ ڈرا قرار دے دیا۔آسٹریلوی کپتان کا کہنا ہے کہ جب 80 منٹ میچ پہلے ہی بارش کی وجہ سے رکا تو ایسی صورتحال میں اننگز بریک 20 منٹس کا کیوں لیا گیا جب کہ بارش کی پیشن گوئی بھی تھی، ایسے میں محض 10 منٹس کا بریک بنتا تھا،میچ میں بظاہر آسٹریلیا کو واضح جیت ملنی تھی۔ دوسری جانب قومی وکٹ کیپر محمد رضوان کا کہنا ہے کہ بارش نہ ہوتی تو پاکستان بھی 20 اوورز میں 170 تک رنز بنا لیتا ا س لیے بارش سے دونوں ٹیموں کو نقصان ہوا۔