بابر اعظم نے زیادہ ٹی ٹونٹی نصف سنچریاں سکور کرنیکا ملکی ریکارڈ اپنے نام کرلیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں زیادہ نصف سنچریاں سکور کرنے کا ملکی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ 25سالہ بابر اعظم نے آسٹریلیاکے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی مقابلے میں 38گیندوں پر5چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے59ناٹ آئوٹ رنز سکو ر کیے جو ان کے ٹی ٹونٹی کیریئر کی 11ویں نصف سنچری تھی اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس فارمیٹ میں زیادہ نصف سنچریاں سکور کرنے کا ملکی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق کپتا ن محمد حفیظ نے اپنے کیریئر میں 86اننگز میں 10ففٹیز بنائیں تھیں جب کہ بابر اعظم نے محض 34اننگز میں 11نصف سنچریاں سکور کی ہیں۔ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر احمد شہزاد اور عمر اکمل ہیں جنہوں نے 8،8نصف سنچریاں سکور کررکھی ہیں ، سابق کپتان شعیب ملک نے اب تک ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں7نصف سنچریاں بنائی ہیں۔