• news

ڈائمنڈ پینٹس نے ایف آئی پی ایمبسیڈرز پولو کپ جیت لیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) ڈائمنڈ پینٹس نے زبردست مقابلے کے بعد ایڈیسیو کو 8-6 سے شکست دے کر گل احمد 104 واں ایف آئی پی ایمبسیڈرز پولو کپ برائے پولو ان پنک ایونٹ جیت لیا۔ پولو میچ سے قبل نیزا بازی، ایئر شو بھی منعقد کیا گیا۔ ڈائمنڈ پینٹس اور ایڈیسیوکے درمیان میچ زبردست رہا۔ میچ کے ہیرو نوجوان کھلاڑی میر حذیفہ احمد رہے۔ جیتنے والی ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے میر حذیفہ احمد نے 5 خوبصورت گول سکور کیے دیگر میں مائیک ایگن نے دو جبکہ میر شعیب احمد نے ایک گول سکور کیا۔ ہارنے والی ٹیم ایڈیسیو کی طرف سے ملک عاطف یار ٹوانہ نے تمام چھ گول سکور کیے۔ اس طرح ڈائمنڈ پینٹس نے یہ میچ 8-6 سے جیتا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر جہانگیر خان ترین،لاہور پولو کلب کے صدر ملک عاطف یار ٹوانہ، چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی اسحاق خان خاکوانی، کو چیئرمین عبدالحئی مہتہ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اعظم حیات نون، آغا مرتضیٰ، میر شعیب احمد، عثمان حئی، ثاقب خان خاکوانی ، آغا نجیب رضا ، فیملیز اور کرائوڈ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ای پیپر-دی نیشن