اپوزیشن کی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا سینٹ کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا
اسلام آباد (این این آئی)اپوزیشن کی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا سینیٹ کا ہنگامی اجلاس (آج)منگل کو چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوگا ،اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ملکی سیاسی صورتحال ،مہنگائی اور حکومت کی جانب سے آرڈیننس کے ذریعے قانون سازی پر شدید احتجاج کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی ریکوزیشن پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے طلب کیا گیا سینیٹ اجلاس (آج)منگل کو سہ پہر4بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ملکی سیاسی صورتحال ،سیاسی جماعتوں کے قائدین کی گرفتاریوں اور انکی بگڑتی صحت اور مبینہ طور پر انکو علاج کی مناسب سہولیات کی عدم فراہمی ،ملک میں مہنگائی اور آرڈیننس کے ذریعے قانون سازی پر شدید احتجاج کا امکان ہے۔