• news

پاکستان، ملائیشیا کا تعلیم، آئی ٹی، زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد+کوالالمپور ( سٹاف رپورٹر+آئی این پی+ صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر ملائشیا پہنچ گئے۔ وزیر خارجہ کو دورہ ملائشیا کی دعوت ان کے ملائشین ہم منصب داتو سیف الدین عبداللہ نے دی تھی۔ کوالالمپور ہوائی اڈے پر ملائشیا کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل اظہر مزلان، ملائیشیا میں پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ اور پاکستانی سفارت خانے کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ اپنے اس مختصر دورہ میں وزیر اعظم مہاتیر محمد سمیت ملائیشیا کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ پاکستانی سفارتخانے میں پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کے لیے قائم کئے گئے "کمیونٹی سروس سینٹر" کا افتتاح کریں گے۔ وزیر خارجہ ملائیشیا کی بزنس کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے اور انہیں پاکستان کی طرف سے بیرونی سرمایہ کاروں کو دی جانے والی مراعات اور کاروبار کے میسر بہترین مواقع سے آگاہ کریں گے۔ دریں اثناء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مشکل فیصلے کرنا پڑے لیکن اب ہم معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کوالالمپور میں پاکستانی نژاد سلطانہ کلثوم آف پاہنگ کے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین تعاون کا فروغ عمران خان اور مہاتیر محمد کی ہم آہنگی کا نتیجہ ہے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو جس وقت حکومت ملی ہماری معاشی حالت دگرگوں تھی، ایک طرف معاشی خسارہ بڑھتا جارہا تھا اور دوسری طرف ہم قرضوں کے بوجھ سے نڈھال تھے۔ ملائیشیا کے نائب وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک ملائیشیا وزیراعظم کے دوروں سے دو طرفہ تعلقات مضبوط ہوئے۔ وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر پر اصولی موقف اور پاکستان کی تائید پر ملائیشیا کو خراج تحسین پیش کیا۔ مسلم ممالک کو درپیش مسائل اور ان سے نمٹنے کیلئے لائحہ عمل کی ضرورت پر بھی گفتگو کی۔ فریقین نے تعلیم، آئی ٹی، زراعت میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

ای پیپر-دی نیشن