• news

قومی ادارون کی آئین کے تحت مدد کرتے رہے گے: آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم نے ملک کی داخلی سلامتی کی بہتر صورتحال اور استحکام ، اجتماعی قومی کوششوں، مسلح افواج، تمام قومی اداروں اور سب سے بڑھ کر قوم کی لازوال قربانیوں کی بدولت حاصل کیا ہے۔ مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے یہ ثمرات ضائع کرنے کی کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے گزشتہ روز کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کی کانفرنس آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جی ایچ کیومیں منعقد ہوئی۔ شرکاء نے علاقائی سلامتی اور قومی سلامتی کے ماحول کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ملک کی داخلی سلامتی، مشرقی سرحدوں کی صورتحال،کنٹرول لائن اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال زیر غور آئی۔کور کمانڈرز نے ہر قسم کے خطرات کے خلاف دفاع وطن کے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔ اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ ریاستی ادارے کی حثییت سے پاک فوج سے جب بھی آئین پاکستان کے تحت دیگر قومی اداروں کیلئے مدد طلب کی گئی تو وہ فراہم کرتے رہیں گے۔ پاکستان کی افواج، قوم اور ریاستی اداروں کے تعاون سے مشرقی سرحد اور لائن آف کنٹرول سمیت ملک کو درپیش ہر نوعیت کے خطرہ کا تدارک کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلیدی قومی امور پر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان جاری ہم آہنگی دشمن قوتوں کو شکست دینے کیلئے ضروری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن