• news

پہلاون ڈے:قومی انڈر 16 نے بنگلہ دیش کو99 رنز سے شکست دے دی

لاہور (نمائندہ سپورٹس)قومی انڈر 16کرکٹ ٹیم نے پہلے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش انڈر 16کرکٹ ٹیم کو 99 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی۔ کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں پاکستان نے مڈل آرڈر بلے باز ابرار افضل کی نصف سنچری کی بدولت 231 رنز بنائے۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 132 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ میڈیم پیسر منیب واصف نے 4 اور اسپنر علی اسفند نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل قومی انڈر 16کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد وقاص نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو محمد شہزاد اور علی حسن نے میزبان ٹیم کو 66 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ اسیر مغل اور عباس علی کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد ابرار افضل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔چھٹی وکٹ کے لیے ابرار افضل اور منیب واصف کے درمیان 46رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ منیب واصف 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قومی انڈر 16کرکٹ ٹیم 49.2اوورز میں 231 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔مہمان ٹیم کی جانب سے احسن حبیب اورشمس السلام نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔232 رنز کے تعاقب میں مہمان ٹیم کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ہوگیا اور کوئی بھی کھلاڑی لمبی اننگز نہ کھیل سکا۔ قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کے میڈیم پیسر منیب واصف اور اسپنر اسفند علی کی شاندار باؤلنگ کے سامنے بنگلہ دیش انڈر 16 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بے بس دیکھائی دئیے اور 41ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنزبنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ عامر حسین 19 رنز بناکر ریٹائرڈ ہوگئے۔ پاکستان کی جانب سے منیب واصف نے 44 رنز کے عوض 4 جبکہ علی اسفند نے 15 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔

ای پیپر-دی نیشن