• news

بنگلہ دیش کیخلاف نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا ، بیٹنگ بہتر بنانا ہوگی:بسمہ معروف

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے کپتان بسمہ معروف نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا۔ مستقبل کی سیریز کے لئے ہمیں بیٹنگ کو بہتر بنانا ہوگا۔ پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف اور ہیڈ کوچ اقبال امام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف آخری میچ میں مہمان ٹیم نے بہتر بیٹنگ کی اور کامیابی حاصل کی۔ ہماری کوشش ہے کہ نئی کھلاڑیوں کو مواقع دیں۔ ہماری ٹیم کی مڈل میں ایک ساتھ دو دو وکٹیں گریں جس کا نقصان ہوا۔ دوسرے ون ڈے کے میچ میں ہماری ٹیم نے اچھا مقابلہ کیا۔ دوسری جانب بنگلہ دیش ٹیم کی کھلاڑی مرشیدہ خاتون کا کہنا تھا کہ دوسرا ون ڈے جیت کر سیریز برابر کرنے پر بہت خوشی ہے۔ پاکستان آکر بہت اچھا لگا اور یہاں لوگوں نے بہت محبت دی۔ بنگلہ دیش ٹیم کے کوچ جاوید عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان ویمن ٹیم ہم سے دو درجہ بہتر ٹیم ہے اس کے خلاف کامیابی سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ مستقبل کی سیریز میں یہ ٹور ہمارے لئے بہت اچھا ثابت ہوگا۔ جاوید عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکیورٹی بہت ہی شاندار رہی۔ دیگر ٹیموں کے لیے بھی ہمارا پیغام یہی ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے یہاں کرکٹ سے پیار کرنے والے لوگ موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش سے بڑھ ہمیں ایشین کرکٹ کے بارے میں سوچنا چاہئے۔ میں اس سیریز کے بارے میں اپنی مثبت رپورٹ دوں گا۔

ای پیپر-دی نیشن