کیپٹن (ر) صفدر نے مریم نواز کا پاسپورٹ، 7 کروڑ سکیورٹی ہائیکورٹ میں جمع کرا دی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) چوہدری شوگر ملز کیس میں عدالتی حکم پر کیپٹن (ر) صفدر نے مریم نواز کا پاسپورٹ اور زر ضمانت کی مد میں7 کروڑ کی رقم لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرا دی۔ کیپٹن صفدر نے عطا تارڑ اور وکلاء کے ساتھ پاسپورٹ اور رقم ہائی کورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کرائی۔ لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں زر ضمانت کی مد میں7 کروڑ روپے اور پاسپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔کیپٹن صفدر نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ وہ آج کوئی سیاسی بات نہیں کریں گے۔ وہ عدالتی حکم پر عمل کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مریم کے ساتھ ساتھ آپ لوگوں کو بھی رہائی مبارک ہو۔