سوئس کنفیڈریشن کونسل کے صدر کی ملاقات، تجارت کیلئے عوام میں رابطہ ضروری: پرویز الٰہی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے سوئس کنفیڈریشن کونسل آف سٹیٹ کے صدر مسٹر جین رینی فورنیئر اور سوئٹزرلینڈ کے سفیر مسٹر تھامس کولی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں سوئس پارلیمنٹ میں بین الاقوامی تعلقات کے سربراہ مسٹر کلاڈیو فشر، سوئس کنفیڈریشن کونسل آف سٹیٹ کے سابق صدر مسٹر ہانس آلتھر اور سینیٹر پروفیسر ڈاکٹر مہر تاج روغانی شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ اور پاکستان کے درمیان تعلقات ہمیشہ دوستانہ رہے ہیں، دونوں ممالک کے مابین تجارت کو مزید بڑھانے کیلئے رابطہ عوام مہم کو فروغ دینا بہت ضروری ہے۔ جین رینی فورنیئر نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں افہام و تفہیم کیلئے آپ جو کردار ادا کر رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے، بطور وزیراعلیٰ پنجاب بھی آپ نے عوام کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔