• news

کرتارپور راہداری کی تکمیل سے بھارت میں پاکستان کا ڈنکا بج رہا ہے: عثمان بزدار

لاہور‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارت کے سرحدی علاقوں میں فصلوں کی باقیات جلانے اور ہوا کا رخ تبدیل ہونے سے لاہور اور اس کے گرد و نواح میں سموگ میں اچانک اضافہ ہوا اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بارش سے صورتحال بہت بہتر ہے۔ رات گئے تک سموگ کی صورتحال کو خود مانیٹر کرتا رہا اور متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو اس ضمن میں فوری طور پر ضروری ہدایات جاری کیں۔ شہریوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو فوری طور پر متحرک کیا گیا۔ محکمہ ماحولیات، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سموگ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں، اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کیلئے مہم کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔ عثمان بزدار نے ضلع مٹیاری کے علاقے نیو سعید آباد کے قریب قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدارنے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری کا منصوبہ سکھ برادری کیلئے وزیراعظم کا تاریخی تحفہ ہے اور ہم پاکستان آنے والی سکھ کمیونٹی کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ افتتاحی تقریب کیلئے آنیوالی سکھ کمیونٹی کو حکومت ہر طرح کی سہولتیںفراہم کررہی ہیں۔ کرتارپور راہداری منصوبے کی تکمیل سے اس وقت بھارت میں پاکستان کا ڈنکا بج رہا ہے اور پوری دنیا کے سکھ برادری کے جذبات خوشی اور انسباط سے لبریز ہیں۔ اسلام آباد میں منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بھارت سمیت دنیا بھر میں مقیم سکھ برداری کے دل جیت لئے ہیں۔ بین المذاہب ہم آہنگی کے اس تاریخی اقدم سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔ اقلیتوںکے مذہبی مقامات کے تحفظ اور اپ گریڈیشن کی اس سے بڑی مثال پور ی دنیا میںکوئی نہیں۔ وزیراعلیٰ نے موجودہ سیاسی حالات خصوصاً مارچ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات ہمیشہ ڈائیلاگ سے ہی حل ہوتے ہیں۔ احتجاج کا ایسا طریقہ ہر گز اختیار نہیں کرنا چاہئے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ مارچ کے باعث پاکستان کا دنیا میں امیج متاثر ہوا ہے۔ سیاسی اختلافات کو اس نہج تک نہ لایا جائے جس سے ملک و قوم کا وقار مجروح ہو اور پاکستان کے مخالفین کو تنقید کا موقع ملے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملاقات کی۔ جس میں صوبے کی صورتحال اور دیگر انتظامی اور سیاسی معاملات پر بات چیت کی گئی ۔

ای پیپر-دی نیشن