• news

حکومت زرداری کی تشویشناک صحت چھپا رہی ہے: بلاول‘ آج مظفر گڑھ جائینگے

ملتان‘ مظفر گڑھ (سپیشل رپورٹر + نامہ نگار) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بار بار کے مطالبات کے باوجود سابق صدر زرداری تک طبی ماہرین کو رسائی نہیں دی جارہی۔ بلاول بھٹو آصف زرداری کسی جرم میں نہیں بلکہ ایک بے بنیاد اور جھوٹے مقدمے کی تفتیش کیلئے قید ہیں۔ آصف زرداری کی صحت کی تشویش ناک حالت کو چھپایا جارہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خاندان کے افراد تک کو نہیں بتایا جارہا کہ صدر آصف زرداری کس تکلیف سے گزر رہے ہیں۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ باوجود متعدد شکایتوں اور احتجاج کے الیکشن کمیشن نے پھر پی ایس 86 کے ضمنی انتخابات میں فوج کو تعینات کردیا۔ فوج کو پی ایس 86 کے پولنگ سٹیشنوں کے اندر اور باہر تعینات کیا گیا، بلاول بھٹوگزشتہ عام انتخابات میں جب پہلی بار فوج کی پولنگ سٹیشنوں میں تعیناتی ہوئی تو پی پی نے احتجاج کیا تھا۔ بلاول نے پی پی پی ملتان ڈویژن کے صدر خالد حنیف لودھی کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں ہونے والے عشائیے میں شرکت کی، اس موقع پر سابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی اور پنجاب کے سابق گورنر مخدوم احمد محمود بھی موجود تھے، بلاول بھٹو زرداری نے عشائیے میں شریک پارٹی راہنماوں و معززین سے فرداً فرداً ان کی نشست پر جاکر ملاقات کی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر شرکاء سے اسلام آباد کی صورت حال پر گفتگو بھی کی۔انہوں نے بتایا کہ دھرنے میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ پارٹی کی سی ای سی کرے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے جنوبی پنجاب کے عوام کو دھوکا دیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے تمام ضابطوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عشائیے میں شریک تمام افراد سے ان کی نشست گاہ پر جاکر فرداً فرداً ملاقات کی، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شرکاء میں گھل مل گئے۔ بلاول بھٹو زرداری آج 8 نومبر جمعہ کے روز 3 بجے سہ پہر اسپورٹس گراؤنڈ بالمقابل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرگڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ جلسہ عام کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن