گیس کمپنی نے قیمتوں میں اضافے کیلئے اوگرا کو درخواست دیدی
لاہور( این این آئی ) سوئی نادرن گیس پائپ لائنز گیس کی قیمتوں میں اضافے کیلئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کو درخواست دیدی، اوگرا نے تمام خواہشمند افراد اورگیس صارفین سے تجاویز اور مداخلت کیلئے درخواستیں طلب کرتے ہوئے عوامی شنوائی کیلئے 19نومبر کی تاریخ مقرر کر دی گئی۔ اوگرا کے مطابق ایس این جی پی ایل نے مالی سال 2019-20کے لئے اپنے متوقع ریونیو میں 42725ملین روپے کی کمی کا امکان ظاہر کیا ہے اور یکم جولائی 2019 سے اپنی قیمتوںمیں 115.54 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کر نے کی درخواست کی ہے۔ایس این جی پی ایل نے گزشتہ سال کے 28752 ملین روپے کے شارٹ فال کو بھی اس میں شامل کر تے ہو ئے یکم جولائی 2019 سے اپنی اوسطاًقیمت میں مبلغ 194.01 فی ایم ایم بی ٹی یو روپے کل اضا فے کی درخو است کی ہے۔اوگرا کے مطابق ایس این جی پی ایل نے آر ایل این جی کی ڈومیسٹک سیکٹر میں تبادل کی لاگت کے تحت آر ایل این جی کی سروس لاگت 92.60روپے ایم ایم بی ٹی یو اور176.45روپے لگائی ہے۔