• news

4 ہزار بھارتیوں سمیت 25 ہزار سکھ یاتری جنم استھان پہنچ گئے‘ تقریبات شروع

ننکانہ صاحب (نما ئندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کے550 ویںجنم دن کی 3 روزہ تقریبات شروع ہوگئیں‘ بھارت سے تقریباً چار ہزار سکھ یاتریوں سمیت اندرون و بیرون ممالک سے 25ہزار کے قریب سکھ یاتری گورداورہ جنم استھان پہنچ چکے ہیں۔ یاتریوں نے ماتھا ٹیکی ، اکھنڈ پاٹ ، شبد کیرتن اور ارداس سمیت اپنی دیگر مذہبی رسومات ادا کیں ۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے رہائش اور دیگر سہولیات کے وسیع تر انتظامات کیے ہوئے ہیں جس پر سکھ پردھان اور اندرون ملک کراچی سے آئے ہوئے یاتریوں نے ضلعی انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ پہلی بار بغیر کرائے کے سرکار نے رہائش فراہم کی ہے اس پر ہم وزیر اعظم عمران خاں اور ضلعی انتظامیہ کے انتہائی مشکور ہیں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے سکھ یاتریوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔ انڈیا سے آئی ہوئی خاتون یاتری سریندر کور کی گوردوارہ کے فرش پر گر کر دائیں گٹھنے کی ہڈی ٹوٹ گئی جس کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال ننکانہ صاحب لایا گیا آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر افتخارمحی الدین نے فوری طور پر سریندر کور کا کامیاب آپریشن کر کے گٹھنا جوڑ دیا، یاتری نشان سنگھ کی اچانک گوردوارہ میں کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی ۔ ان کا بھی ہسپتال میں کامیاب آپریشن کیا گیا۔ سکھ یاتریوں نے بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی پر آرتھو پیڈک ڈاکٹر اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن