بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ آرایس ایس،بی جے پی کے منشورکاتسلسل ہے،رحمان ملک
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماسینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بابری مسجد کیخلاف بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ قابل مذمت و مسلم امہ کیلئے تکلیف دہ ہے یہ فیصلہ آر ایس ایس و بی جے پی کے منشور کا تسلسل ہے، بابری مسجد کے خلاف بابا گورونانک کے جنم دن کے موقع پر امن دشمن فیصلہ سکھوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنا تھا۔بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل میں انہوں نے کہا پاکستان نے سکھ برادری کے ساتھ مذہبی رواداری کیلئے کرتارپور راہدری کھولی جو مودی سرکار کو پسند نہیں۔بابری مسجد کیخلاف فیصلہ مسلم کش و بھارت کی دیگر اقلیتوں کیخلاف ہندوتوا کی منشور کا عملی نمونہ ہے ۔ وزیراعظم مودی نے اعلی عدلیہ کے ذریعے اپنی انتہا پسند ہندو تنظیم راشڑیہ سوائم سیوکہ سنگ کیساتھ کیا گیا اپنے وعدہ پورا کیا۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کشمیر کا انضمام و بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر بی جے پی اور آر ایس ایس کا الیکشن ایجنڈا تھا۔ مودی سرکار بھارت کو ہندوراشترا بنانے کے آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، مودی سرکار بھارت سے مسلم، سکھ و دیگر اقلیتوں کا مکمل خاتمہ چاہتی ہے۔