• news

نفرتیں ختم کر کے سب کو سینے سے لگانا ہوگا، اللہ کو پانے کیلئے نبی کریمؐ کا ابناع لازمی

رائے ونڈ (نامہ نگار) ممتاز سکالر مولانا طارق جمیل نے کہا کہ لا الہ اللہ محمد رسولؐ اللہ، اسلام کی بنیاد ہے ۔ زمین و آسمان کی ہر چیز اللہ کی بڑائی اور اس کی تعریف بیان کررہی ہے ، اور اللہ اپنے پیارے محبوبؐ کی نعت پڑھ رہا ہے ۔ بادشاہوں سے ملنے کیلئے مجھے 25سال گزرگئے اور کیا کیا پاپڑ نہیں بیلنے پڑے ، مگر اللہ سے ملنے کیلئے بندے کو صرف ایک آنسو بہانے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اللہ کو اپنے بندے کی جو بات سب سے زیادہ پسند ہے وہ اس کی سچے دل سے کی ہوئی توبہ ہے ، جب بندہ اپنے ر ب کو پکارتا ہے اور صرف اے اللہ ہی کہتا ہے تو عرش و فرش گونج اٹھتے ہیں، اللہ کہتا ہے کہ اے بندے خواہ تو اتنے گناہ کرلے کہ آسمان کی چھت تک پہنچ جائیں مگر تیری ایک توبہ کے بدلے میں تیرے سارے گناہ بھول جائوں گا تو مجھے سچے دل سے پکار کے تو دیکھ ،انہوں نے کہا کہ اللہ کی رحمت اس کے غضب پر حاوی ہے ، توبہ گناہوں کی فائل کا نام و نشان مٹا دیتی ہے ۔ نبی ؐکی اولاد سب سے اعلیٰ ہے،اور نبی ؐؐ ؐ کے صحابہؓ اس کی نبوت کی سب سے بڑی دلیل ہیں ۔ اللہ کو سب کچھ ماننے کے بعد بنی اکرم ؐ کے طریقوں کے مطابق زندگی گزارنا ہی اصل ایمان ہے ، بنی ؐ کے حواری بنیں ، اس کے بغیر آپ کے علم اور عمل میں اخلاص اور روحانیت نہیں آئے گی ۔ ایمان پر قائم رہنے کیلئے محنت کی ضرورت ہے ،نماز پڑھیں اور پڑھائیں،قرآن سیکھیں اورسیکھائیں ،اگر ہم چاہتے ہیں کہ اللہ ہمیں معاف کردے تو پہلے ہمیں سب کو معاف کرنا ہوگا ۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک کے چاروں صوبوں میں آپسی نفرتیں پھیلی ہوئی ہیں، ہمیں سب کو سینے سے لگانا ہوگا ،اللہ کو پانے کیلئے نبیؐ کی اتباع لازم ہے ۔ قاری زبیر ، مولانا زبیر الحسن اور مولانا محمد ابراہیم نے کہا کہ موت ایک ایسی اٹل حقیقت ہے جس کا مزہ ہر ذی روح نے چکھنا ہے ، قیامت برپا ہونی ہے جو ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے ، روز اول سے لیکر قیامت تک پیدا ہونے والے ہر انسان نے دنیا میں کئے گئے اعمال کا اپنے رب کو حساب دینا ہے ، سب سے زیادہ خسارہ پانے والا وہ شخص ہے جو رب کائنات کی ناراضی کے کام کرتے ہوئے دنیا فانی سے کوچ کرگیا ،موت آنے سے پہلے اپنے اعمال کو قرآن وسنت کے مطابق ڈھال لیں، امت مسلمہ اپنے اصل کام کی جانب رجوع کرتے ہوئے اپنے دینی و دنیاوی اعمال کو قرآن وسنت کے مطابق ڈھالے اور بھٹکی ہوئی انسانیت کو راہ راست پر لانے کیلئے دعوت کے عمل کو مزید مضبوط و مربوط بنانے کیلئے اپنی جان ،مال اور وقت لگائے، تبلیغی اجتماع کی اختتامی اجتماعی دعا آج اتوار کو علی الصبح مولانا محمد ابراہیم آف انڈیا کروائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن