چند روز میں زرداری کی طرف سے پیسے مل سکتے ہیں، ان کے کیس بھی ختم ہو جائینگے: شیخ رشید
لاہور(سٹاف رپورٹر) ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہیکہ آئندہ چند روز تک آصف زرداری کی طرف سے پیسے ملنا شروع ہو جائیں گے اور تین چار ماہ میں پلی بارگین سے ان کے سب کیسز ختم ہوجائیں گے۔ ریلوے ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کو طبی نظریہ ضرورت کے تحت باہر بھجوایا جا رہا ہے، اللہ کرے ان کی طبیعت بہتر ہو جائے، خدانخواستہ نواز شریف کو کچھ ہو جاتا تو معاملہ حکومت کے گلے پڑ جاتا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نہیں جارہیں، ان کا پاسپورٹ عدالت کے پاس ہے، شہباز شریف بھی نواز شریف کے ساتھ جائیں گے کیونکہ وہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلتے ہیں، بلاول اور مریم یہاں رہ جائیں گے، کوڑا کباڑ باہر چلا جائے گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف ضمانت پر ہیں، ان کے کیسز ختم نہیں ہوئے جب کہ سلمان اور حمزہ، شہباز شریف کی مجبوری ہیں۔ وزیر ریلوے نے دعویٰ کیا کہ آصف زرداری، خورشید شاہ ، حمزہ اور سلمان کے کیسز انتہائی اہم ہیں جو پلی بارگین سے حل ہوں گے، آئندہ چند روز تک آصف زرداری کی طرف سے پیسے ملنا شروع ہو جائیں گے جس کے بعد 3، 4 ماہ میں آصف زرداری کے تمام کیسز بھی پلی بارگین میں ختم ہو جائیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کو جن پارٹیوں نے کیش کرانا تھا کرا لیا، لاشوں کی سیاست ختم ہو گئی، فضل الرحمان لاشوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں لہٰذا وہ غریب کارکنوں کو مزید آزمائش میں نہ ڈالیں۔ بعض لوگ کہہ رہے ہیں کہ فضل الرحمٰن کو بھی فیس سیونگ دیدیں، دھرنے سے وزیراعظم استعفیٰ دیں گے نہ پارلیمنٹ جائے گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف گلے پڑ رہا تھا، لینے کے دینے پڑ رہے تھے ،کہا جا رہا تھا کہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو حکومت ذمے دار ہو گی۔ خدانخواستہ جیل میں کچھ ہو جاتا تو گلے پڑنے والی بات تھی۔ اب جو بھی ہو گا جاتی امرا یا لندن میں ہو گا۔ اﷲ نواز شریف کو صحت دے۔