سکون قلب کیلئے سیرت طیبہ سے ٹوٹا تعلق بحال کرنا ہوگا: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مینارپاکستان پر ولادت جشن مصطفیٰؐ کے موقع پر منعقدہ 36ویں عالمی میلاد کانفرنس کے ہزاروں شرکاء سے ’’قرآن اور ادب مصطفٰیؐ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت طیبہ سے ہٹ جانے کی وجہ سے ہمارا ہر اگلا دن بربادی اور تباہی کی طرف جارہا ہے، عزت و آبرو کا پیمانہ دولت اور مکرو فریب جیسی منفی صلاحتیں بن چکی ہیں، خیر کی جگہ شر نے لے لی ہے، سیاست، معیشت، معاشرت، حکومت، ثقافت ہر جگہ جھوٹ کی تجارت ہورہی ہے، امت کو عہد رفتہ کی شان و شوکت کی بحالی کے لیے تعلیم و ٹیکنالوجی میں آگے اور اخلاق وروحانیت کے لیے پیچھے جانا ہو گا، جدید اور قدیم اقدار کا یہی علم و عمل کاامتزاج نسخہ کیمیا ہے۔کانفرنس میں ممتاز سیاسی، سماجی، اقلیتی رہنما اور حکومتی عمائدین شریک تھے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان و دیگر مرکزی رہنماؤں نے شرکاء کانفرنس اور مہمانوں کوخوش آمدید کہا۔ عالمی کانفرنس کے اختتام پر ولادت مصطفٰیؐ کی خوشی میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، فضاء بقعہء نور بن گئی، فضا میں کبوتر اور رنگ برنگے غبارے بھی چھوڑے گئے اور فضا آمد مصطفیٰؐ مرحبا مرحبا کے نعروں سے گونجتی رہی۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عالمی کانفرنس سے ویڈیو لنک پر خطاب کہا کہ ہم نبوی تعلیم کے برعکس چل رہے ہیں ظاہری و باطنی سکون کہاں سے آئے گا؟ انہوں نے کہا کہ ہم دلوں کاسکون اور مقصد حیات پانا چاہتے ہیں تو پھر ہمیں سیرت طیبہ سے اپنے ٹوٹے ہوئے تعلق کو بحال کرنا ہو گا۔ اور کی نصرت اترے گی اور ہم زوال سے نکل آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا ریاست مدینہ کی بنیادیں عدل انصاف کے اعلیٰ ترین معیار پر قائم تھیں۔