زرداری تک ذاتی معالجین کو رسائی نہ دینا گھنائونی سازش ہے ،نفیسہ شاہ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری تک ذاتی معالجین کو رسائی نہ دینا گھنائونی سازش ہے۔ ڈاکٹروں کی نشاندہی کے باوجود کہ سابق صدر کی زندگی کو خطرہ ہے، پرائیویٹ میڈیکل بورڈ نہ بٹھانا سابق صدر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا ہے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے آصف علی زرداری کی زندگی سے کھیلنا اور انہیں مناسب علاج نہ فراہم کرنا مجرمانہ طرز عمل ہے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ سابق صدر کو بغیر کسی سزا کے قید رکھنا بھی بدترین ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر کو راولپنڈی میں قید رکھنا ان تک ذاتی ڈاکٹروں کو رسائی نہ دینا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ میڈیکل بورڈ بنانے کا مطالبہ رعایت مانگنا ہرگز نہیں ہے بلکہ ملک کے ہر شہری چاہے وہ قیدی ہو ان کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر کی صرف ہسپتال منتقلی کافی نہیں ہے اصل بات درست علاج کی ہے جس سے حکومت دانستہ طور پر انکار کر رہی ہے۔