قومی اسمبلی: مرتضیٰ جاوید، عمر ایوب اور مراد سعید میں تلخ جملوں کا تبادلہ
قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس دو روز کے وقفے سے منعقد ہوئے۔ سینٹ میں میاں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے ہٹانے میں تاخیری حربوں پر سینیٹر پرویز رشید نے شدید احتجاج کیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت کورم پورا رکھنے میں ناکام ہو گئی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میںمسلم لیگ(ن) کے رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی اور وفاقی وزراء مراد سعید ، عمر ایوب کے درمیاں شدید تلخ کلامی ہوئی اور ایک دوسرے کو جھوٹا ہونے کے طعنے دئیے۔ مرتضی جاوید عباسی نے الزام عائد کیا کہ حکومت کئی ماہ سے تکمیل کے باوجود ہزارہ موٹروے نہیں کھول رہی ، میرے حلقہ کے گیس کے منصوبوں کے فنڈز بھی وزیر توانائی عمر ایوب نے ذاتی طور پر روک رکھے ہیں ، اس معاملہ پر پارلیمنٹ کی خصو صی کمیٹی بنائی جائے اگر میں جھوٹا ثابت ہوا تو استعفا دے ٰ دوں گا ورنہ عمر ایوب کو استعفا دینا پڑے گا جس پر عمر ایوب نے ان کو ترکی بہ ترکی جواب دیا ’’یہ شخص جھوٹا ہے‘‘ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ کئی ماہ سے ہزاراہ موٹروے مکمل ہوگیا ہے ، حکومت نہیں کھول رہی ، اس میں کئی ٹنل بھی ہیں ، بے شک موٹر وے کا نام مراد سعید کے نام پر ہی رکھ دیں وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ ایک ماہ قبل ایبٹ آباد میں سوئی گیس کے کنکشنز کا افتتاح کیا ہے ، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ یہاں غلط بیانی کی گئی ہے کہ کافی عرصہ سے ہزارہ موٹر وے کام مکمل ہے ، ہزارہ موٹر وے کا ڈیزائن تبدیل کیا گیا ، ایک پل بنایا گیا ، سپیکر نے جھوٹا کے الفاظ حذف کردئیے۔ ایوان میں ’’دھرنا ‘‘ کی بازگشت سنی گئی آفتاب جہانگیر نے کہا کہ’’ لگ رہا ہے کہ ملک میں شدید قتل عام کا خطرہ ہے ، دھرنے کی وجہ سے یہ خطرہ ہے‘‘ ، ، سینیٹ اجلاس کے دوران وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام کی غیر حاضری کا چیئرمین سینیٹ نے نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ سے 3 دنوں میں جواب طلب کرلیا ہے ۔ سیکرٹری داخلہ کی غفلت کے حوالے سے ارسال کردہ مراسلے سے تمام ارکان سینیٹ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ مراسلے میں آگاہ کیا گیا ہے کہ 8نومبر کو سینیٹ اجلاس سے بیشتر وزارتوں کے افسران غیر حاضر تھے سپیکر قومی اسمبلی میں اسد قیصر نے ملک میں فصلوں کوٹڈی دل کے سنگین حملوں سے بچانے کے لئے اقدامات کے لئے قو می اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے زراعت کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا اور وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک صاحبزادہ محبوب سلطان اور سیکرٹری قومی تحفظ خوراک کو مسئلہ پر تفصیلات اور حل کے لئے بریفنگ دینے کی ہدایت کردی۔