توہین عدالت کیس،چیئرمین سی ڈی اے کی معافی،ہائیکورٹ نے معاملہ نمٹا دیا
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ چیئرمین سی ڈی اے کے خلاف توہین عدالت کا کیس چیئرمین کی جانب سے جواب داخل کروانے پر نمٹادیا ہے گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بنچ نے کیس کی سماعت کی عدالتی کاروائی شروع کی تو چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد عدالت میں پیش ہوئے فاضل جسٹس نے چیئرمین سی ڈی اے سے استفسار کیا کہ عدالتی نام سے منسوب اشتہار سی ڈی اے نے شائع کروایا حالانکہ عدالت نے کوئی ایسا حکم صادر نہیں کیا تھا چیئرمین سی ڈی اے نے عدالت کو بتایا کہ غلطی سے اردو کا اشتہار شائع ہو گیا ہے اور میں اس کی ذمہ داری خود قبول کرتا ہوں انہوں نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ آئندہ ہفتے سی ڈی اے اس اشتہار کا کوریجنڈم شائع کرے گا اس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین صاحب اس بات کا خیال رکھیں کہ آج کل توہین عدالت کا سیزن ہے جو آپ کا کام ہے وہ آپ کریں عدالت پر اس کا بوجھ نہ ڈالیں فاضل جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پانچ سال سے اسلام آباد میں ہوں مجھے پتہ ہے کہ یہ اشتہار دانستہ طورپر شائع کروایا گیا ہے سی ڈی اے درست انداز میں کام نہیں کررہاہے چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے عدالت کو یقین دہانی کروائے جانے کے بعد فاضل جسٹس نے توہین عدالت کی کاروائی نمٹاتے ہوئے کیس کی سماعت 25نومبر تک ملتوی کردی ہے ۔