بھارت کا ہر ظلم کشمیریوں کے دل میں آزادی کی تڑپ تیز کردیتا ہے ، قربانیاں پر سلام : شہباز شریف
لاہور(نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کے 100 دن مکمل ہونے پر بھارت کی شدید مذمت کی ہے۔ شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بہادر اور غیور کشمیریوں نے سو دن میں عظیم استقامت اور قربانی کی سات دہائیوں پر محیط تاریخ دہرائی۔ مقبوضہ کشمیر کی قیادت اور عوام قابل فخر ہیں، ان کی قربانیوں پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا ہر ظلم کشمیریوں کے دل میں آزادی کی تڑپ مزید تیز کر دیتا ہے۔ 72 برس سے زائد عرصہ سے بہادر کشمیری عوام بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ سو دن ثبوت ہے کہ عالمی ضمیر قید ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے مظلوم سوال کر رہے ہیں کہ مہذب عالمی ضمیر کہاں سو رہا ہے؟ سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کہاں ہیں؟ انسانی حقوق میں تفریق اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ تاریخ سلامتی کونسل اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں کا کردار مثبت الفاظ میں بیان نہیں کرے گی۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ظالم اور قاتل مودی کے فسطائی، آمرانہ اور ظالمانہ اقدامات کشمیریوں کے صبر اور قربانیوں سے شکست کھا چکے ہیں۔