دوحہ: نیول چیف کی قطری وزیراعظم سے ملاقات، مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف اجاگر کیا
دوحہ (سٹاف رپورٹر) نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سرکاری دورے پر قطر پہنچے جہاں انہوں نے قطری وزیراعظم شیخ عبداللہ بن نصیر سے خصوصی ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا قطر میں نیول بیس پہنچنے پر کمانڈر قطر امیری نیول فورسز نے پرتپاک استقبال کیا اور امیر البحر کو چاک و چوبند دستے نے روایتی گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ترجمان کے مطابق نیول چیف نے قطری وزیراعظم شیخ عبداللہ بن نصیر سے خصوصی ملاقات کی۔ اس دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امیر البحر نے قطری چیف آف سٹاف سمیت کمانڈر قطر امیری نیول فورسز سے بھی ملاقات کی۔ ترجمان پاک بحریہ نے بتایا اہم عہدیداروں سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور‘ تعلقات کے فروغ اور دوطرفہ بحری تعاون پر گفتگو ہوئی۔ نیول چیف نے سمندری تحفظ اور امن کیلئے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا۔ نیول چیف نے قطر کی مختلف بحری تنصیبات سمیت میری ٹائم وار فیئر اینڈ ٹریننگ سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ امیر البحر نے دورے کے دوران مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو بھی اجاگر کیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا دورہ دونوں ممالک بالخصوص افواج کے تعلقات کو فروغ دے گا۔