پشاور: گاڑی پر فائرنگ، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی شہید، محافظ، ڈرائیور سمیت 4 زخمی
پشاور(صباح نیوز+ نوائے وقت نیوز)پشاور میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے قائمقام ڈی ایس پی سی ٹی ڈی غنی خان شہید اور 3 اہلکار زخمی ہوگئے ۔ا یس ایس پی آپریشنز ظہور آفریدی نے بتایا کہ شاہ پور چوکی کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے قائمقام ڈی ایس پی رورل سی ٹی ڈی غنی خان شہید جبکہ ان کے گن مین راشد ، ڈرائیور ناصر اور دیگرزخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔فائرنگ سے ڈی ایس پی سمیت5 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے لیڈی ریڈنگ ہسپتا ل منتقل کیا گیا تاہم غنی خان جانبر نہ ہو سکے۔فائرنگ کار پر کی گئی جس سے فرنٹ شیشہ ٹوٹ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقے کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی اور سرچ آپریشن سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔وزیراعلی خیبر پی کے محمود خان نے پولیس چوکی پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کی مذمت کی اور زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ علاوہ ازیں ذرائع نے بتایا ڈی ایس پی غنی خان کی فیملی کا اپنے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ جائیداد کا تنازع چلا آرہا تھا۔ پولیس واردات سے متعلق کچھ کہنے سے گریزاں ہے کہ آیا یہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے یا کوئی تخریب کاری کا واقعہ ہے۔