• news

سموگ: لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد کے سکول آج اور کل بند رکھنے کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری

لاہور+گوجرانوالہ (نیٹ نیوز+نمائندہ خصوصی) پنجاب کے محکمہ تعلیم نے سموگ کی وجہ سے لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں تمام سرکاری و نجی سکولوں کو بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تینوں اضلاع میں 'سموگ' کی وجہ سے سکولوں کو بند رکھا جائے گا۔ پنجاب کے وزیر برائے تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیا کہ حکومت سکول جانے والے بچوں کا ہر صورت تحفظ کرے گی۔ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ حکومت نے سموگ کی وجہ سے سکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاہور کی فضا کا معیار بدستور 'خطرناک' ہے اور ایئر ویژول کے فضا کے معیار کے انڈیکس (اے کیو آئی) کی درجہ بندی 447 تک پہنچ گئی۔ واضح رہے کہ 151 سے 200 کے درمیان اے کیو آئی کی سطح کو 'مضر صحت' قرار دیا جاتا ہے اور فضا کے اس معیار سے مکمل آبادی کو منفی اثرات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جبکہ 'حساس گروپس' جیسے پھیپھڑوں کی بیماری کا سامنا کرنے والے افراد، بچوں اور بزرگوں کو زیادہ خطرہ ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن