قومی اسمبلی: نوازشریف کیلئے شرط پر حکومت اور اپوزیشن میں لفظی گولہ باری
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ‘ایجنسیاں، نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن نے نواز شریف کے لیے حکومتی شرط پر شدید تنقید کی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ قومی اسمبلی میں یکسانیت نہیں ہے، اپوزیشن کی تحریک پر کارروائی نہیں کی جاتی، پروڈکشن آرڈر کے لیے اصولوں کو مدنظر نہیں رکھا جاتا، سلیکٹڈ پروڈکشن آرڈر جاری کیے جاتے ہیں، چند روز قبل قانون سازی کا جو مذاق اڑایا گیا وہ سب نے دیکھ لیا۔ سپیکر اسمبلی سے درخواست کرتا ہوں کہ تفریق نہ کریں کیونکہ عدالتوں میں طعنہ ملتا ہے کیا آپ کی پارلیمنٹ نہیں چل رہی جو یہاں آجاتے ہیں۔ یہ اقتدار کل ہمارے پاس تھا، اقتدار کے کچھ تقاضے ہوتے ہیں، اقتدار میں بیٹھے لوگ مخصوص رویے اپناتے ہیں۔ ہم نے اپنے دور میں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا احترام کیا، حکمرانوں میں بدلے کی آگ بھڑک رہی ہے، واشنگٹن میں کہا گیا کہ میں ان سے اے سی فریج لے لوں گا، بڑے عہدے پر بڑی باتیں کی جاتی ہیں، وزارت عظمی کاعہدہ رکھنے والے کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں، الیکشن سب لڑتے ہیں لیکن ذاتی دشمن تو نہیں بن جاتے، عدالتی اہلکار نے لا افسر سے پوچھا نواز شریف کی درخواست ضمانت پر حکومت کا کیا موقف ہے، لاافسر نے جواب دیا نواز شریف مر جائے ہمارا کیا جاتا ہے۔ ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سیاست دان کی سب سے بڑی جائیداد اس کی سیاست ہوتی ہے، نواز شریف موت و حیات کی جنگ لڑرہے ہیں، اس صورتحال میں بھی نواز شریف ووٹ کو عزت دو کی جنگ لڑ رہے ہیں، انہوں نے اپنی صحت کو لے کر حقیقی جنگ پر سمجھوتہ نہیں کیا، سرکاری ڈاکٹروں نے خود کہا نوازشریف علاج کیلئے بیرون ملک جائیں، عدالتوں نے نواز شریف کو ریلیف دیا، نواز شریف ملک سے باہر نہیں جاناچاہتے، میرے سامنے انہوں نے باہر جانے سے انکار کیا، نوازشریف تیار ہوئے تو حکمرانوں نے ان کی جان سے کھیلنا شروع کردیا۔فروغ نسیم کے بیانات پرویز مشرف اور نواز شریف کے لیے مختلف ہیں، نواز شریف کی جان کو شطرنج کا مہرہ نہ بنائیں، 7ارب روپے کے بانڈ کی کوئی حیثیت نہیں لیکن یہ سیاست کو گدلہ کریگا، ہم ضمانت دیتے ہیں نواز شریف واپس آئیں گے، 2ماہ پہلے بھی کہا تھا نوازشریف واپس آئیں گے، پاکستان کے عوام نواز شریف کو واپس لائیں گے، نواز شریف کوکچھ ہوا تو قیمت یہاں بھی ادا کریں گے اور آگے چل کر بھی۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ دکھ کی بات ہے کہ ہم نے سیاست کو دھبہ بنا کر رکھ دیا ہے، جنگی قیدی بھی حق رکھتے ہیں کہ ان کا بہترین علاج کرایا جائے، آپ نے تو معاشرے کو تقسیم کر کے رکھ دیا ہے، نواز شریف 3 بار وزیراعظم رہ چکے ہیں، یہ وقت پوائنٹ اسکورنگ اور نیچا دکھانے کا نہیں، نوازشریف کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، آصف زرداری کی صحت بھی بہت خراب ہے،آصف زرداری کو بھی بہت سی بیماریاں لاحق ہیں، جرم کراچی میں ہوا تو آصف زرداری کو پنڈی میں کیوں رکھا ہوا ہے؟ ان کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔ خواجہ آصف اور راجہ پرویز اشرف کی باتوں کے جواب میں وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ ہم نے کوئی ذاتی انتقام نہیں لیا، نوازشریف کو سزا عدالت نے دی، کسی کی صحت پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، وزیراعظم کے حوالے سے غلط باتیں کہی گئیں، وزیراعظم نے واضح کہا کہ نواز شریف کی صحت پر سیاست نہ کریں۔ میرا نعرہ ہے ووٹ نہیں ووٹر کو عزت دو ، اس ووٹر کو عزت دو جس کو 2 وقت کی روٹی نہیں مل رہی۔ 35سال حکومت میں رہنے کے باوجود اپنے علاج کے لئے ہسپتال نہ بنا سکے۔ مراد سعید نے کہا کہ ان کا وزیرخزانہ مفرور ہے، شہبازشریف کا داماد علی عمران واپس نہیں آیا، نواز شریف کے دونوں بیٹے اس وقت مفرور ہیں، کابینہ نے کہا کہ گارنٹی دے دیں تو نواز شریف کو جانے دیں۔ آپ سے گزارش ہے آپ کو نوازشریف کی جان پیاری ہے یا دولت؟، ایوان میں جمعرات کو فلسطین میں حالیہ شہادتوں و پاکستان میں سکیورٹی فورسز کے شہید جوانوں اور بنگلہ دیش میں ٹرین حادثہ میں جاں بحق افراد کیلئے دعا کی گئی۔ وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے دعا کروائی۔