نیا بلدیاتی نظام عوام کو بااختیار بنائے گا: عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ذاتی کاوشوں سے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کیلئے علیحدہ گرڈ سٹیشن بنے گا اوراس منصوبے پر تقریباً ایک ارب روپے لاگت آئے گی۔ پاورڈویژن نے منصوبے کیلئے پی سی ون تیارکرنے کی ہدایت کر دی۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں ویلج پنچایت و نیبرہڈ کونسلز اور لوکل گورنمنٹس کے انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب میونسپل سروسز پروگرام پر عملدرآمد کیلئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لوکل ایریاز کی حد بندیوں کا کام مکمل کر لیا ہے اور پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کے تحت الیکشن رولز کی تیاری کا کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے الیکشن رولز کو دسمبر کے پہلے ہفتے تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں ویلج پنچایت و نیبرہڈ کونسلز کے الیکشن کرائے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں لوکل گورنمنٹس کے انتخابات ہوں گے اور پنجاب بھر میں 455 مقامی حکومتیں بنیں گی۔ کابینہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 میں ترامیم کی منظوری دے چکی ہے ۔ ماضی کے بلدیاتی ادارے عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے جبکہ نیا بلدیاتی نظام صوبے کے عوام کی امنگوں اور خواہشات کے عین مطابق ہے اور حقیقی معنوں میں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا۔ نیا نظام موجودہ سٹیٹس کو ختم کرے گااورعوام کوبااختیاربنائے گا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میونسپل سروسز پروگرام پرعملدرآمد کیلئے امور جلد طے کرنے کی ہدایت کی۔ سردار عثمان بزدارسے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے ملاقات کی جس میں عمومی صورتحال، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اتحاد و اتفاق کی جتنی ضرورت آج ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے اور اس کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو مل کر طے کرنا ہے۔ قومی مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں، زندگی کے ہر طبقے نے پاکستان کو آگے لے جانے میں اپنا حصہ ڈالنا ہے اور ہم روشن پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں جس کا خواب قائدؒ نے دیکھا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاشرے میں رواداری، برداشت اور تحمل کے جذبات کے فروغ کیلئے علمائے کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ عثمان بزدار نے ڈائریکٹر تعلقات عامہ راولپنڈی ڈویژن حامد جاوید کی والدہ ، ممتاز فکشن رائٹر اور ادیب محمد حامد سراج سابق سینیٹر اور سوئی ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین دلاور عباس کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔