بھارت کی کنٹرول لائن پر فائرنگ، کھیتی باڑی میں مصروف نوجوان شہید
سماہنی (نامہ نگار) لائن آف کنٹرول کی سویلین آبادی پر بھارتی افواج کی دہشت گردی برقرار ہے۔ بنڈالہ ویلی میں 19سالہ علی رضا ولد غلام حسین بھارتی فوج کی ٹارگٹ فائرنگ کا نشانہ بن گیا۔ نوجوان ٹریکٹر پر ہی گولی لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ فائرنگ کی بدولت شہید کے جسد خاکی کو ریسکیو کرنے میں مشکلات رہیں۔ مقامی رضا کاروں نے جسد خاکی آبائی گائوں منتقل کیا۔ میت گھر پہنچنے پر ہر آنکھ اشک بار، نماز جنازہ کے اجتماع میں عوام کا سمندر اُمڈ آیا۔ سیری گڑھا بنڈالہ کا رہائشی لائن آف کنٹرول سے متصل گائوں نالی میں ٹریکٹر پر گندم کی فصل کی بیجائی میں مصروف تھا کہ پہاڑی چوٹی سے انڈین آرمی نے سنائپر گن سے فائر کرکے شہید کر دیا، رقت آمیز مناظر میں نماز جنازہ کی ادائیگی، قبر پر قومی پرچم سربلندکیا گیا۔ سول ایڈمنسٹریشن موقع پر پہنچ گئی، فائرنگ کا واقعہ جمعہ کے روز صبع دس بجے کے قریب پیش آیا۔ سویلین آبادی کو ٹارگٹ فائر کے ذریعے نشانہ بنانا جنگی جنون اور انسانی حقوق کی پامالی ہے بھارتی فوج کئی عشروں سے سماہنی سیکٹر کے لائن آف کنٹرول سے متصل دیہاتوں پر مارٹر شیلنگ فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس سے شہری آبادی شدید مالی و جانی نقصان سے دو چار ہے، قابض فوج کے مورچوں کے سامنے کئی کلومیٹر زرعی اراضی پر فصلوں کی کاشت بھارتی فوج نے متاثر کر رکھی ہے جس سے مقامی آبادی ناقابل تلافی نقصانات سے دو چار ہے۔