• news

مینارٹی پیکج مثالی پروگرام ثابت ہو گا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ڈاکٹر محمد شعیب سڈل کی سربراہی میں نیشنل کمیشن برائے مینارٹی رائٹس کے وفد نے ملاقات کی، جس میں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی فلاح وبہبود اور انہیں سہولتیں مہیا کرنے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبہ بھر میں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کا ڈیٹا مرتب کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق اور سہولتوں کے حوالے سے پنجاب کو مثالی صوبہ بنا رہے ہیںاور پنجاب مینارٹی پیکیج اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے مثالی پروگرام ثابت ہوگا۔ یوحنا آباد کو 30 کروڑ روپے کی لاگت سے ماڈل علاقہ بنایا جا ئے گا۔ وزیراعلیٰ نے اقلیتوں کے امور کو بلاتاخیر حل کرنے کیلئے صوبائی سطح پر فوکل پرسن مقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو مذہبی ایام پر سرکاری تعطیل دی جائے گی۔ پوسٹ گریجوایشن اور ریسرچ سکالرز اقلیتی طلبہ کواڑھائی کروڑ کے سکالرشپ دینگے۔ اقلیتی امیدواروںکو مذہبی ایام کے دوران مقابلے کے امتحانات سے مستثنیٰ قراردینے کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا۔ صوبہ بھر میں اقلیتوں کیلئے مخصوص اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جارہا ہے اور بلدیاتی انتخابات میں پہلی مرتبہ اقلیتی برداری کو دوہری ووٹنگ کا صوبہ پنجاب کا قابل تقلید اقدام ہے۔ اقلیتی قیدیوں کو متعلقہ مذہبی کتاب پڑھنے پر قید میں رعایت دی جائے گی۔ عثمان بزدار نے برداشت اور رواداری کے فروغ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دین اسلام رواداری اور تحمل و برداشت کے رویوں کو فروغ دینے پر زوردیتا ہے۔ رواداری اور برداشت کے جذبات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔ معاشرے میں عدم برداشت کے رویوں کے باعث بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔ عثمان بزدارنے لاہور کے علاقے گڑھی شاہو کے رہائشی 19 سالہ نوجوان حمزہ کی بیماری کے حوالے سے خبر کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔عثمان بزدار نے تھرپارکر سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔عثمان بزدارکی ہدایت پر لیور ٹرانسپلانٹ اور بون میروکے امراض میں مبتلاچار مستحق مریضوں کے علاج معالجے کیلئے 1کروڑ روپے سے زائد کے فنڈزجاری کردیئے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن