• news

مال روڈ: لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ملازمین اور نابینا افراد کے دھرنے جاری، ٹریفک درہم برہم

لاہور (کامرس رپورٹر ) مال روڈ پر پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین اور نابینا افراد کا دھرنا بالترتیب 5ویں اور 12ویں روز بھی جاری رہا جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر رہا۔ نابینا افراد اور مانیٹرنگ کمیٹی کے درمیان ڈیڈ لاک کی صورتحال بر قرار ہے۔ تفصیلات کے مطابق نابینا افراد نے مسلسل 12ویں روز بھی ایوان وزیراعلیٰ کے سامنے کلب چوک مال روڈ پر دھرنا جاری رکھا۔ مال روڈ کا ایک حصہ دونوں طرف سے بند ہونے کی وجہ سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا شدید دبائو رہا اور شہری ٹریفک جام کی وجہ سے حکومت کو کوستے رہے۔ نابینا افراد تعلیمی قابلیت کے مطابق نوکریاں دینے تک احتجاج ختم نہ کرنے کے اعلان پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین کا دھرنا پانچویں روز میں داخل ہو گیا۔ مظاہرین نے دوپہر کے وقت پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لئے بند رکھا اور دھرنا دے کراپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ مال روڈ کا ایک حصہ او رچیئرنگ کراس کی طرف آنے والی شاہراہیں عام ٹریفک کیلئے بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا شدید رش رہا اورگاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں۔ پولیس کی جانب سے مال روڈ پر دھرنوں کے شرکاء کی سکیورٹی کیلئے ان کے گرد حصار قائم کر رکھا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن