• news

نواز شریف کے حوالے سے عدالت جو فیصلہ کرے گی مکمل عملدرآمد کیا جائے گا: اسلم اقبال

لاہور (کلچرل رپورٹر، نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے جیل کے قیدی محمد نواز شریف کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کیں۔ ہم نوازشریف کی صحت پر سیاست نہیں کررہے بلکہ ان کی فیملی ان کی صحت پر سیاست کررہی ہے۔ نواز شریف کو جرمانے یا سزائیں عمران خان یا پی ٹی آئی کی حکومت نے نہیں دیں بلکہ عدالت نے دی ہیں اور بیماری کی وجہ سے ان کی سزا معطل ہوئی ہے۔ای سی ایل سے نام نکالنے کے لئے حکومت نے ضمانتی بانڈز مانگے ہیں انہیں یہ نہیں کہا گیا کہ وہ اپنے محلات سرکاری خزانے میں جمع کروادیں۔ اس حوالے سے عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار ڈی جی پی آر آفس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت ، ڈی جی پی آر اور متعلقہ افسران بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کی روک تھام کے لئے پنجاب حکومت سنجیدہ ہے اور اس مقصد کے لئے مختصر اور طویل المیعاد منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے گرین اینڈ کلین پاکستان پروگرام شروع کررکھا ہے۔لاہور میں اب تک 2لاکھ 35ہزار درخت لگائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 3شعبے ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتے ہیں جن میں ٹرانسپورٹ کا حصہ 43فیصد، صنعت 25فیصد اور زراعت 20فیصد ہے ۔ صوبائی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا پلان اے بری طرح ناکام ہوا اور پلان بی بھی جلد اپنی موت آپ مر جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک میں نئی سرمایہ کاری آرہی ہے اور معاشی اعشاریئے بہترہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کشمیر کے حوالے سے احتجاج ہوئے اور سکھ برادری نے ہمارا ساتھ دیا۔ہم نے بھی سکھوں کے لئے کرتار پور راہداری کھول کر انہیں عظیم تحفہ دیا ہے-

ای پیپر-دی نیشن