• news

عمران کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر اجاگر ہوا، دھرنے سے نقصان پہنچا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر)عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 104 روز سے جاری بدترین کرفیو اس صدی کا سب سے بڑا المیہ ہے۔ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔ کشمیریوں کو خوراک، ادویات اور ضروریات زندگی سے محروم کر کے بھارتی وحشت آشکار ہو چکی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سسک سسک کر مر رہی ہے۔ بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم کے باعث جنت نظیر وادی جہنم بن چکی ہے۔ عالمی برادری معاملے کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے صورتحال کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم اور جبر کی دنیا کی تاریخ میں کہیں مثال نہیں ملتی۔ مسلمانوں کو عبادت سے روکنے کیلئے مساجد کو تالے لگانا بھارت کے سیکولر ریاست ہونے کے دعوے کی نفی ہے۔ بھارتی حکومت کا مقبوضہ کشمیر اور دیگر ریاستوں میں مسلمانوں کے ساتھ رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت تنگ نظر انتہا پسند ریاست میں تبدیل ہو چکا ہے اور ہندوئوں کی انتہاپسندی کی وجہ سے بھارت میں اقلیتوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔ بھارت جان لے، مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے سے تنازعہ کشمیر دنیا کی نظروں سے اوجھل نہیں ہو سکتا۔ کیا ظلم و جبر سے پھول کھلیں گے یا تشدد جنم لے گا؟ ہر عمل کا رد عمل ہوتا ہے ، ظلم اور زیادتیوں کا رد عمل خوفناک ہو سکتا ہے۔ عمران خان کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی فورمز پر اجاگر ہو ا جبکہ دھرنے کی وجہ سے کشمیر کاز کو بہت نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، ہمارے اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے۔ عثمان بزدار نے طلبہ کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ طلبہ کو معیاری اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ طلبہ کسی بھی ملک کیلئے ترقی کی منزل کے حصول میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔ طلبہ کو اپنا مستقبل سنوارنے کیلئے بہترین تعلیمی سہولیات مہیا کرنا ترجیحات میں اولین ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سابق آئی جی جیل خانہ جات محمد یوسف لنگاہ کے انتقال اور روزنامہ ’’نوائے قت‘‘ کے ڈائریکٹر ایڈمن لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری کی خوشدامن کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغامات میں سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی ارواح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ای پیپر-دی نیشن