• news

بھارت ہمیں کرتارپور جانے سے روک رہا ہے: صدر ورلڈ سکھ پارلیمنٹ جوگت سنگھ

اسلام آباد (نیٹ نیوز) ورلڈ سکھ پارلیمنٹ کے صدر جوگت سنگھ نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت سکھوں کو کرتارپور آنے سے روک رہی ہے۔ لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں موجود سکھ برادری کرتا رپور راہداری کھولنے کا خیرمقدم کرتی ہے مگر بھارتی حکومت سکھوں کو کرتارپور آنے سے روک رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے کرتارپور راہداری کھولنے کی تقریب کو اہمیت نہیں دی گئی جس کے باعث سکھ برادری کو اس حوالے سے مایوسی ہوئی ہے۔کرتارپور آنے کے لئے بھارت نے سخت پالیسیاں عائد کر رکھی ہیں،جس کی وجہ سے زیادہ سکھ کرتار پور آ نہیں پا رہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی انہوں نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مظالم چاہے کشمیر میں ہوں یا کہیں اور، سکھ کمیونٹی اس کی مذمت کرتی ہے۔یاد رہے کہ کرتار پور کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم کی دعوت پر کانگریس رہنما اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے شرکت کی تھی جب کہ بھارتی حکومت کی طرف سے وزیر خوراک ہرسمرت کور اور وزیر تعمیرات ہردیپ سنگھ شریک ہوئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن