نوازشریف کی کل شام لندن روانگی کا امکان: ذرائع طبیعت بہتر نہ ہونے پر امریکہ منتقل کیا جائے گا
لندن (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم نوازشریف کے علاج کیلئے لندن میں انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق لندن کی ہارلے سٹریٹ کے ایک نجی کلینک میں معالج نوازشریف کے علاج کیلئے منتظر ہیں۔ برطانیہ پہنچتے ہی پلیٹ لیٹس کے تین ماہرین نوازشریف کا معائنہ کریں گے، لندن میں طبیعت بہتر نہ ہونے پر نوازشریف کو فوری طور پر امریکہ منتقل کیا جائے گا۔ نوازشریف کا ابتدائی علاج برطانیہ میں ہوگا، لندن سے حسین نواز بھی نوازشریف کے ساتھ امریکہ روانہ ہوں گے۔ نوازشریف کی کل شام برطانیہ روانگی کا امکان ہے۔ ایئر ایمبولینس لندن جاتے ہوئے راستے میں ایک مقام پر رکے گی کیونکہ ایئر ایمبولینس طویل فاصلہ ایک اڑان میں طے نہیں کرسکتی۔ برطانیہ میں دل اور گردے کا علاج ممکن ہے۔ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کا علاج امریکہ میں ہوگا۔ نوازشریف کی گردن کی رگوں سے دماغ کو خون سپلائی کا علاج بھی امریکہ میں ہوگا۔ لندن اور امریکہ میں ڈاکٹرز سے اپوائنٹمنٹ لے لی گئی ہیں۔ امریکہ میں بوسٹن کے ہسپتال میں نوازشریف کا علاج ہوگا۔ فضائی سفر کرانے کیلئے سب سے بڑا مسئلہ پلیٹ لیٹس 30ہزار پر برقراررکھنا ہے۔ ڈاکٹرز پلیٹ لیٹس بڑھانے کیلئے سٹیرائیڈز دینے یا پلیٹ لیٹس کائونٹ لگانے کی تجاویز زیرغور ہیں۔ فضائی سفر سے قبل نوازشریف کے دل کے امراض، شوگر، بلڈپریشر کوکنٹرول کیا جائے گا۔ نوازشریف کے ہمراہ شہبازشریف اور ڈاکٹر عدنان سفر کریں گے۔