ان ہاؤس تبدیلی کا کوئی امکان ہے نہ بعض لوگوں کی یہ خواہش پوری ہو گی: شاہ محمود
ملتان (نوائے وقت رپورٹ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے ہمارے تعلقات مقبوضہ کشمیر کی وجہ سے کشیدہ ہیں، کشمیریوں پر بھارتی ظلم جاری رہنے تک بھارت سے تعلقات معمول پر آنا مشکل ہیں، مجھے ان ہائوس تبدیلی کا کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا، ان ہائوس تبدیلی کچھ لوگوں کی خواہش ہے جو پوری نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے پاس بیان بازی سے ہٹ کر ٹھوس جواز ہے تو قانونی راستہ اپنائیں، دھرنے کا خندہ پیشانی سے سامنا کیا، ہم نے کوئی گرفتاری کی نہ کوئی لاٹھی چارج کیا۔ دھرنے والوں نے خود پلان اے ختم کرکے پلان بی شروع کیا۔ آج بھی سڑکوں کی بندش سے عوام کو مشکلات ہیں، دھرنے والوں کیلئے سہولتیں پیدا کیں، رکاوٹیں کھڑی نہیں کیں۔ مولانا فضل الرحمٰن کے پلان بھی کو عوام نے پسند نہیں کیا۔ حکومت نے معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، امریکہ کے ساتھ تعلقات میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔ ایران اور سعودی عرب میں غلط فہمیاں ختم کرنے کیلئے پاکستان نے کردار اداکیا۔ کرتارپور راہداری کھولنے کے پاکستانی فیصلے کو دنیا نے سراہا ہے۔