فواد جتنا مرضی جھوٹ بول لیں ، فردوس باجی کی کرسی نہیں ملنی: طلال
لاہور(اے این این) مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری جتنا مرضی جھوٹ بول لیں انہیں فردوس باجی کی کرسی نہیں ملنی۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے خواجہ آصف کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرانے پر اپنے رد عمل میں طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اللہ کی شان ہے کہ فواد چوہدری کہہ رہیں کہ خواجہ آصف نے جھوٹ بولا ہے، جس کی نوکری ہی جھوٹ کی وجہ سے قائم ہو اسے کیا پتہ سچ کیا ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری کا ہر پارٹی بدلنے کے بعد جھوٹ کا نیا معیار ہوتا ہے، وہ اپنی وزارت سے متعلق کارکردگی کا کوئی بیان دیں، جھوٹا ہی دیں، دیں تو سہی، فواد چوہدری جتنا جھوٹ بولیں انہیں فردوس عاشق اعوان کی کرسی نہیں ملے گی۔