بھارت: چھتیس گڑھ میں ’’لو جہاد‘‘ کے نام سے مشہور میاں بیوی انجلی اور ابراہیم کو عدالت نے ساتھ رہنے کی اجازت دے دی
نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ’لو جہاد‘ کے نام سے مشہور ہونے والے ابراہیم اور انجلی کی محبت کی شادی کے معاملے میں ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ انجلی جین اپنی پسند کے شخص کے ساتھ اپنی مرضی کی جگہ رہ سکتی ہیں۔ انجلی جین نے بی بی سی سے کہا کہ وہ ’سکھی‘ نامی سرکاری سینٹر سے آزاد ہونے کے بعد اپنے شوہر ابراہیم صدیقی کے ساتھ رہیں گی۔ مقامی عدالت سے لے کر سپریم کورٹ کی کارروائی تک الجھی اس کہانی کی کردار انجلی جین گزشتہ آٹھ ماہ سے سْکھی سینٹر نامی ایک سرکاری رہائش گاہ میں رہ رہی تھیں، جہاں گزشتہ ماہ ان کے ساتھ مارپیٹ کے واقعے کی بھی اطلاعات ہیں۔ معاملے کا انجلی کی چھوٹی بہن کے خط پر چھتیس گڑھ ہائی کورٹ نے از خود نوٹس لیا تھا۔ انجلی کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو مذہبی رنگ دے کر متنازع بنانے کی کوشش کی گئی۔ لیکن عدالت کے فیصلے کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ یہ ’لو جہاد‘ نہیں صرف ’لو‘ کا معاملہ ہے۔ قبل ازیں دونوں نے 25 فروری 2018 کو رائپور کے آریا مندر میں شادی کر لی تھی۔