مسئلہ کشمیر پر حکومت اور فوج پر عزم ہے:علی امین خان
سانگلاہل(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستا ن علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی حمایت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورت حال پر کھل کے اپنے تحفظات کا اظہار کر رہی ہیں، حکومت کی متحرک سفارتکاری کے باعث مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں سمجھا جا رہا ہے جو کہ پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے ،ہر گذرتے دن کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کو موقف کو تقویت مل رہی ہے ، چین ، ترکی اور ملائیشیاء اس اہم مسئلے پر پاکستان کی کھل کر حمایت کر رہے ہیں،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بھارت نے 5 اگست کو غیرقانونی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ کشمیرکی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی جو قابل مذمت کوشش کی ہے اس سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر ہو چکا ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کی جرآت کو سلام پیش کرتی ہے جو نو لاکھ سے زائد فوج کی موجودگی میں پاکستان سے اپنی وابستگی کا اظہار کر رہے ہیں اور اپنے شہداء کو سبز ہلالی پرچم میں دفن کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ مسلہ کشمیر پر حکومت اور فوج پر عزم ہیں اور کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی آخری حد تک ساتھ دیا جائے گا ، انہوں نے کہا اس حساس مسئلے سے متعلق علاقائی اور عالمی امن کو لاحق خطرات سے بھی پاکستان عالمی دنیا کو مسلسل خبردار کر رہا ہے اور دنیا سے مطالبہ کر رہا ہے کہ دنیا بھارت کے ہندو فاشسٹ ایجنڈے کا فوری نوٹس لے جس سے نہ صرف مسلمانوں کوبلکہ بھارت کی دیگر اقلیتوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے تما م فورمز پر مودی کے ہندو فاشسٹ ایجنڈے کو بے نقاب کر رہا ہے اور اس کیلئے ہم سب نے مل کر آواز اٹھانی ہے۔