• news

شیخوپورہ: ضلع بھر میں مصنوعی مہنگائی کے باعث شہری مشکلات کاشکار

شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)ضلع بھر میں مصنوعی مہنگائی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اشیاء خوردونوش من مانی قیمتوں پرفروخت ہورہی ہیں، اشیاء کی ریٹ لسٹیں تک غائب ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ صورتحال پر قابو پانے میں مکمل ناکام دکھائی دے رہی ہے ساری توجہ فقط فرضی دوروں پرمرکوز ہے خود ڈپٹی کمشنر اور دیگر اہم افسران بھی اس روش کو اپنائے ہوئے ہیں جس پر شہریوں نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے اور صورتحال کا ذمہ دار ضلعی انتظامیہ کو قرار دیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق سبزیوں کی روز افزوں بڑھتی ہوئی قیمتوں نے غریب شہریوں کا جینا اجیرن کرکے رکھ دیا ہے اور روز مرہ استعما ل کی سبزیوں کے دام قابل برداشت نہیں رہے، ٹماٹر 300 روپے کلو جبکہ پیازچار سو،ادرک پانچ سو،سبز مرچ 440 روپے کلو فروخت ہورہی ہے سبزیوں کی قیمتیں سن کر مقامی شہری چکرا کر رہ گئے ہیں اور غریب شہری سبزیاں خریدنے سے مکمل طور پر قاصر ہیں جس کے باعث نوبت فاقوںتک پہنچ چکی ہے، شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی بہتر بنائیں تاکہ مسائل زدہ شہریوں کو ریلیف حاصل ہوسکے۔

ای پیپر-دی نیشن