ملک کو بڑے مسائل درپیش‘ ایک سال میں کئی عالمی کامیابیاں ملیں: شاہ محمود
ملتان (صباح نیوز+ این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کو ایک سال میں بین الاقوامی سطح پر کئی کامیابیاں ملی ہیں، پاکستان کو بہت بڑے امتحان درپیش ہیں، ملک کو آزمائشوں کا سامنا ہے، میرااولین ایجنڈا ملک وملت اور اس وسیب کی خدمت ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں صوبائی وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کی رہائش گاہ پر منعقدہ سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کو ایک سال میں بین الاقوامی سطح پر بہت کامیابیاں ملی ہیں،امریکا ، کینیڈا ، یورپ ، امارات ،افریقہ اور سعودی عرب میں رہنے والے پاکستانی اس کے گواہ ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ایک سال میں بیرون ملک پاکستانیوں کی عزت و تکریم میں اضافہ ہوا ہے ۔پیارے نبی ؐ کو ہر صفت عروج کے اعلی ترین درجے پر عطا ہوئی، رہتی دنیا تک سب سے بڑے رسول ، قانون دان ،جرنیل ، حکمران اور سیاستدان ہیں ،حضوراکرمؐکی زندگی کے مختلف پہلوئوں سے ہمیں رہنمائی تلاش کرنی ہے، حضرت محمدؐ نے ایک فلاحی ریاست قائم کی، اسی نظام کوآج یورپ اورپوری دنیا میں ویلفیئراسٹیٹ کے نام سے پیش کیا جاتا ہے، حکومت ریاست مدینہ کے حوالے سے ایسی ہی فلاحی ریاست کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ اور احساس پروگرام فلاحی ریاست کی طرف پیش قدمی ہے ، 2019 ء میری 63 سالہ زندگی کا سب سے افضل سال ہے ، اس سال مجھے دو مرتبہ خانہ کعبہ اور روضہ رسولؐ کے اندر جانے کا موقع نصیب ہوا ، میں عمر کے اس حصے میں ہوں جہاں ذہنی اور قلبی طور پر انسان دنیاوی لالچ سے بلند ہو جاتا ہے ۔