• news

گوٹا بایا راجا پکسے سری لنکا کے صدر منتخب عارف علوی‘ عمران و دیگر کی مبارکباد

کولمبو‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + سپیشل رپورٹ) سری لنکا کے سابق وزیر دفاع گوٹا بایا راجا پکسے نے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی، گوٹا بایا راجا پکسے نئے صدر منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گوٹا بایا راجا پکسے کی صدارتی انتخابات میں کامیابی پر پاکستان نے بھی مبارکباد پیش کی، نومنتخب صدر سابق صدر مہندا راجا پاکسے کے بھائی ہیں، انہیں انتخابات میں یونائیٹڈ نیشنل پارٹی کے ساجتھ پریماداسا نے ٹف ٹائم دیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدارتی انتخابات کے لیے پورے سری لنکا میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے، گوٹابایا راجاپکسے کو انتخابات میں 54 فیصد ووٹ پڑے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا امید ہے نومنتخب صدر راجاپکسے کی قیادت میں سری لنکا ترقی کرے گا، پاکستانی حکومت نئی سری لنکن قیادت کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہے، امید ہے نومنتخب صدر کی قیادت میں سری لنکا خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا۔ پاکستان سری لنکن حکومت کو منصفانہ انتخابات پر مبارکباد دیتا ہے، پاکستان سری لنکا سے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پرامید ہے، پاکستان کا سری لنکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم رکھتا ہے۔ سری لنکا میں حکمران جماعت کے صدارتی امیدوار ساجتھ پریما داسا نے صدارتی الیکشن میں اپنے حریف گوٹا بایا راجا پاکسے کے ہاتھوں شکست تسلیم کر لی ہے۔ پریماداسا نے کہا ہے کہ وہ عوام کا فیصلہ تسلیم کرتے ہیں۔ سری لنکن وزیر خزانہ منگارا نے استعفیٰ دیدیا۔ صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کے نومنتخب صدر گوٹا بایا کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مجھے توقع ہے کہ آپ کی قیادت میں سری لنکا اور پاکستان دونوں علاقائی امن و سلامتی اور عوام کی خوشحالی کیلئے حسب معمول تعاون جاری رکھیں گے اور مشترکہ مفادات کیلئے مل جل کر کام کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن