• news

بے مقصد دھرنوں نے وقت ضائع کیا، قوم معاف نہیں کریگی: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بے مقصد احتجاج اور دھرنوں کے باعث قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا گیا ہے۔ جن عناصر نے اس نازک موقع پر اسلام آباد میں احتجاج کیا، قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ جب ملک میں اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے، اس وقت بلاجواز افراتفری پھیلانے کی کوشش قومی مفادات کے منافی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک پائیدار ترقی اور استحکام کی جانب گامزن ہے اور کسی کو پاکستان کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ملک کو اس وقت منفی سیاست کی نہیں بلکہ استحکام کی ضرورت ہے۔ آج یہاں ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے اورحکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ موجودہ حالات میں جوش نہیں بلکہ ہوش کی راہ پر چلنے کی ضرورت ہے اور قوم کی خوشحالی کیلئے منفی سیاست سے قطع تعلق کرنا ہو گا۔ ملک افراتفری کی سیاست سے آگے نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی کیلئے ہر ایک کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کے پیش نظر احتجاج کی سیاست کرنا کسی صورت مناسب نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت عوام کی زندگیوں میں بہتری لا رہی ہے اور آسانیاں پیدا کر رہی ہے جبکہ احتجاجی عناصر راستے بند کرکے آمد و رفت میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ اندرونی اور بیرونی چیلنجز کے پیش نظر سب کو قومی مفاد کو سامنے رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں احتجاجی سیاست کرنے والوں کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تونسہ شریف کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ نے سینئر آرٹ ایڈیٹر مسعود احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کیساتھ سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن