نواز شرف علاج کیلئے کل لندن روانہ ہونگے
اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف علاج کے لئے منگل کی صبح قطر ایئرویز کی ایئر ایمبولینس سے لندن روانہ ہوں گے۔ میاں نواز شریف کو جاتی امرا سے ایمبولینس کے ذریعے حج لائونج منتقل کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب کے مطابق میاں نواز شریف کا ابتدائی علاج برطانیہ میں کیا جائے گا جہاں ڈاکٹر اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ ان کا علاج برطانیہ میں ممکن ہے یا ان کو کسی اور ملک میں لے جایا جائے۔ ڈاکٹرز میاں نواز شریف کا ہوائی سفر محفوظ بنانے کے لئے ان کا علاج کر رہے ہیں۔ ان کے پلیٹ لیٹس بڑھانے کے لئے ان کو سٹیرائیڈز دی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹرز ان کا بلڈ پریشر ، شوگر لیول نارمل رکھنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔ عدالتی احکامات کے بعد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے علاج کی غرض سے لندن روانگی اس کے ساتھ ساتھ سول ایوی ایشن انتظامیہ نے علامہ اقبال ایئر پورٹ سے متصل حج لائونج سے ایئر ایمبولینس کی روانگی کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ نوازشریف کو لندن لے جانے والی ایئر ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر، ڈاکٹر، پیرا میڈیکل سٹاف، وینٹی لیٹر سمیت دیگر تمام سہولیات جو آئی سی یو میں ہوتی ہیں موجود ہوں گی۔ کسی بھی ہنگامی صورت میں ایئر ٹریفک کنٹرول ضرورت پڑنے پر کسی بھی ملک میں دوران پرواز نواز شریف کی طبعیت خراب ہونے کی صورت میں طیارہ لینڈ کر سکے گا۔ نواز شریف کے لیے پلیٹ لیٹس کے بھی چار پیک رکھے جائیں گے اور ایمرجنسی میں کئے جانے والے ٹیسٹوں کی سہولت بھی موجود ہوگی۔ ایئر ایمولینس کی لندن پرواز کا کل دورانیہ 6 گھنٹے بتایاگیا ہے اور 10 گھنٹے کی فلائنگ کا فیول مہیا ہو گا۔ 2 پائلٹ اور ڈاکٹرعدنان سمیت 2 ڈاکٹر جب کہ ایک نرس ساتھ ہو گی۔ ایف آئی اے امیگریشن کا عملہ حج لا ئونج پر ہی امیگریشن کرے گا۔ نواز شریف کے ساتھ فیملی میں شہباز شریف، ڈاکٹر عدنان اور جنید صفدر روانہ ہوں گے۔
ایئر ایمبولینس
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ چوہدری برادران سمیت ان تمام لوگوں کا شکریہ اداکرتا ہوں جنہوں نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے ان کی معاونت کی ہے۔ حکومتی اتحادی جماعتوں نے دشمنی کی سیاست نہیں کی بلکہ انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا تمام سیاسی جماعتوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعاون کیا ہے۔ اتوار کے روز شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ چوہدری شجاعت، چوہدری پرویز الٰہی، اے این پی، چیئرمین سینٹ اور عوام کے شکرگزار ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں ساتھ دیا۔ حکومت نے تاخیر کی لیکن اللہ تعالی نے ریلیف دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اے این پی اور پیپلزپارٹی کے بھی بے حد مشکور ہیں جنہوں نے نوازشریف کیلئے نیک خواہشات اور جلد صحت یابی کیلئے پیغامات بھجوائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام، تمام اپوزیشن کی جماعتوں اور حکومتی اتحادیوں جماعتوں کی جانب سے نوازشریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ان کے مشکور ہیں، انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کی ملک و قوم کیلئے گراں قدر خدمات ہیں، مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کی پاکستان میں عدم موجودگی پر ان کو مشن کو جاری رکھے گی۔ لاہور سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے جاتی امراء میں نوازشریف اور اہل خانہ سے ملاقات کی جس میں نوازشریف کے بیرون ملک جانے پر مشاورت کی گئی۔ شہبازشریف نے اہل خانہ کو انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام انتظامات مکمل ہیں۔ شہبازشریف نے نوازشریف سے گفتگو میں کہا کہ آپ کا علاج ہماری ذمہ داری ہے۔ اللہ کی مہربانی سے ہمیں عدالتی فیصلے کے نتیجے میں ریلیف ملا۔
شہباز
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومتی وزراء عدالتی فیصلے کی من مانی تشریح کر کے توہین عدالت کر رہے ہیں۔ وزراء نے پریس کانفرنس میں پیغام دیا کہ انہیں عدالتی فیصلہ قبول نہیں۔ اعلیٰ عدلیہ نے سزا معطلی کے فیصلہ میں تحریر کیا ہے کہ بادی النظر میں محمد نواز شریف کو دی گئی سزا غلط ہے۔ حکومت اپنی حکومتی حد میں رہے عدالت نہ بنے۔ کابینہ کو غور کرنا چاہیے کہ وزیراعظم کی نالائقی اور نااہلی کا کیا علاج ہے؟ اور الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ چوری کے کیس میں جواب کیا دینا ہے۔ محمد نواز شریف کے صحت یاب ہونے کے بعد وطن واپسی پر ان کا شاندار استقبال کریں گے۔ حکومت محمد نواز شریف اور شہباز شریف سے حسد کے بجائے عوام کی خدمت پر توجہ دے۔ حکومتی وزراء کی پریس کانفرنس اور وزیراعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزراء عدالتی فیصلے کی غلط تشریح و تعبیر کرکے ڈھٹائی اور بے شرمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ عدالتی فیصلے میں یہ بھی لکھا ہے کہ جس شخص کی سزا اعلی عدلیہ معطل کر چکی ہو، اس میں حکومت مداخلت کرکے کوئی شرط اور اس کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈال سکتی۔ عدالت نے شرط نہیں لگائی تھی تو پھر حکومت نے عدالت بننے کی کوشش کیوں کی؟۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے عدالت کا اختیار استعمال کرنے کی ناکام کوشش کی۔ اللہ تعالی نے ان کے ہاتھ میں کسی کے لئے خیر نہیں رکھی تو کم ازکم منہ ہی بند کر لیں تاکہ مزید رسوائی سے بچ سکیں۔ کابینہ کو غور کرنا چاہیے کہ ٹماٹر کی قیمت ڈالر سے زیادہ کیوں ہے؟ حکومت کو شرم آنی چاہیے کہ وہ ٹماٹر ڈالر سے مہنگا ہوگیا ہے۔کابینہ کو غور کرنا چاہیے کہ ایک سال میں تاریخی 11 ہزار ارب سے زیادہ قرضہ کیوں لیا؟ ایک سال میں ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی 14فیصد کیوں ہوئی؟ گیس کی قیمت 200 فیصد اور بجلی کی قیمت 50 فیصد بند کیوں بڑھائی؟ پاکستان میں آج روٹی، روزگار، کاروبار، دکان، فیکٹری اور صنعت کیوں بند ہے؟ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر حکومت کب دے گی؟ اس نے قوم کے ساتھ اتنے جھوٹ کیوں بولے؟ قوم مہنگائی، بے روزگاری اور بدترین معاشی حالات سے دوچار ہے اور نااہل وزیراعظم چھٹی پر چلے گئے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ 22 کروڑ عوام کی دعاؤں کے سائے میں منگل کو محمد نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لیے الوداع کہیں گے، انشاء اللہ محمد نواز شریف کے صحت یاب ہونے کے بعد وطن واپسی پر ان کا شاندار استقبال کریں گے۔
مریم اورنگزیب